سکھر ،کھاد نہ ملنے کے باعث گندم کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

فصل کو ہم آخری کھاد نہیں ڈالیں گے تو گندم کا سکا چھوٹا رہ جائے گا اور کمزور ہو جائیگا، اس کا دانہ بہت کم باریک بنے گا، کاشتکار

پیر 17 جنوری 2022 13:04

سکھر ،کھاد نہ ملنے کے باعث گندم کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) گندم کی بوائی کے وقت کھاد نا ملنے کے باعث فصل کی پیداوار کم ہونے اور گندم کے بحران سمیت ملکی معیشت کو بھی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔کاشتکاروں کے مطابق فصل کو ہم آخری کھاد نہیں ڈالیں گے تو گندم کا سکا چھوٹا رہ جائے گا اور کمزور ہو جائیگا، اس کا دانہ بہت کم باریک بنے گا، اگر اس کو بروقت کھاد مل جاتی تو سکا بھی لمبا ہو جاتا اور 15 سے 20 ایکڑ کی اس ایوریج بڑھ جاتی۔

سکھر کے نواحی علاقے سلطان پور کے مقامی کاشتکار گندم کی بوائی کے وقت قلت اور بلیک میں فروخت کی وجہ سے کھاد کی عدم فراہمی کے باعث فصل کی کم پیدوار سے پریشان ہیں۔کاشتکاروں کے مطابق گندم کی تیار فصل کو آخری کھاد کی ضرورت ہے لیکن مارکیٹ میں کھاد دستیاب ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کھاد بلیک میں مل رہی ہے، جو اس کا سرکاری ریٹ ہے وہ ہے تو 1800 روپے لیکن ہمیں 3000 روپے تک بلیک میں مل رہی ہے۔

مقامی کاشتکاروں کے مطابق ایگری کلچرل آفیسر، مختیار کار اور جو ہمارے بڑے ہیں ان کے پاس بھی گئے لیکن ہمیں جواب دیا گیا کہ ہمارے پاس کھاد نہیں ہے۔کاشتکاروں کے مطابق ہزار ایکڑ والے کاشتکاروں کو تو کھاد مل جاتی ہے لیکن چھوٹے کسانوں کو نہیں مل رہی۔انہوںنے کہاکہ کھاد نہ ملنے کی وجہ سے گندم کی پیداور کم ہو گی اور آنے والے دنوں میں خوراک کا بحران پیدا ہو گا۔کھاد کے بحران سے ناصرف کاشتکار ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں بلکہ مستقبل قریب میں خوراک کی قلت کے ساتھ مہنگائی کا بھی امکان ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام سنجیدگی سے نوٹس لے کر کھاد کی فراہمی یقینی بنا کر کمزور معیشت کو سنبھلنے کا موقع دیں۔

متعلقہ عنوان :