تعلیم موجود حکومت کی اولین ترجیح ،تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں‘ راجہ یاسر ہمایوں

تعلیمی بورڈز میں عوام الناس کو دی جانے والی سہولیات انکا حق ہے ،تمام تعلیمی بورڈز کی یونین کے نمائندگان کا مشکور ہوں ‘صوبائی وزیر

جمعرات 20 جنوری 2022 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈز کی جانب سے صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز سے منتخب ہونے والے یونین نمائندگان نے بھی شرکت کی اور وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں سرفراز کے تعلیمی بورڈز کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر انھیں زبردست خراج تحسین پیش کیا انھوں نے بورڈ ملازمین کے لیے 25فیصد خصوصی الاؤنس کی منظوری پر راجہ یاسر ہمایوں کا شکریہ ادا کیا۔

یونین کے نمائندوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا وزیر تعلیم آیا ہے جو تعلیمی بورڈز کے ملازمین کو پیار کرتا ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشش کررہا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کی یونین کے نمائندے یہاں جمع ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ تعلیم موجود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ملک میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہم سب دن رات کوشش کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ تعلیمی بورڈز میں عوام الناس کو دی جانے والی سہولیات انکا حق ہے اور اس کوشش میں میرا ساتھ دینے پر میں تمام تعلیمی بورڈز کی یونین کے نمائندگان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نیکہا کہ آئندہ بھی انکے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں اور وہ تعلیمی نظام کی بہتری اور عوام الناس کو سہولت دینے کے حوالے سے آنے والی ہر تجویز کا بھرپور خیر مقدم کریں گے۔ تقریب میں چیرمین لاہور بورڈ ڈاکٹر مرزا حبیب علی، ڈپٹی سیکرٹری بورڈز ڈاکٹر ریحانہ الیاس اور لاہور تعلیمی بورڈ کی یونین کے صدر اسلم گجر ،ملتان سے ملک نثار، گوجرانوالہ سے سبطین عباسی، ڈیرہ غازی خان سے ظفر عباس سمیت دیگر تعلیمی بورڈز کی یونینز کے سربراہان نے شرکت کی۔