بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی بین الاقوامی برادری سے امن کے کلچر کو فروغ دینے کی اپیل

منگل 25 جنوری 2022 12:25

بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی بین الاقوامی ..
اقوام متحدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2022ء) : جنرل اسمبلی کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے بھی آئندہ ماہ ہونے والے بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کے دوران بین الاقوامی برادری سے کھیل کی طاقت سے امن کے کلچر کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے اور تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعات اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان جنگ بندی کریں۔

انہوں نے بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کے حوالے سے اپنے پیغام میں ہر کسی کوان اولمپکس کو مثالی بنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک گیمز میں بہت سے لوگ یہاں اکٹھے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم، محنت اور منصفانہ کھیل کے جذبے کے تحت دنیا بھر سے مقابلہ کرنے والے تاریخی ایتھلیٹس اس میں شرکت کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کے دوران جنگ بندی کی روح پر مبنی امن اور ہم آہنگی کے کلچر کا فروغ اختلافات پر قابو پانے اور دیرپا امن کی راہیں تلاش کرنے کا ایک موقع کی نمائندگی کرتی ہے۔

انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کو شکست دینے ، محفوظ، زیادہ خوشحال اور پائیدار مستقبل کے لیے متحد ہو جائیں۔ ایک حالیہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کھیلوں کو آج کے دور میں اتحاد کے امکان میں ایک انتہائی اہم مظہر، باہمی احترام اور مختلف ثقافتوں، مذاہب اور نسلوں کے درمیان تعاون کے طور پر سراہا۔واضح رہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز 4فروری سے شروع ہوں گی۔