18 سال کے دوران پہلی مرتبہ فیس بک کے صارفین کی تعداد میں کمی، میٹا کمپنی کو صرف ایک گھنٹے کے دوران 200 ارب ڈالرز کا نقصان

فیس بک کی خراب کارکردگی نے میٹا کمپنی کی اسٹاک مارکیٹ میں قدر کو تقریباً 200 ارب ڈالر کم کردیا، فیس بک بانی مارک زکربرگ کو بھی ایک دن میں تقریباً 30 ارب ڈالرز کا بڑا نقصان، 2015 کے بعد پہلی مرتبہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہو گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 فروری 2022 21:46

18 سال کے دوران پہلی مرتبہ فیس بک کے صارفین کی تعداد میں کمی، میٹا کمپنی ..
کیلیفورنیا (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری 2022ء) 18 سال کے دوران پہلی مرتبہ فیس بک کے صارفین کی تعداد میں کمی، میٹا کمپنی کو صرف ایک گھنٹے کے دوران 200 ارب ڈالرز کا نقصان، فیس بک کی خراب کارکردگی نے میٹا کمپنی کی اسٹاک مارکیٹ میں قدر کو تقریباً 200 ارب ڈالر کم کردیا، فیس بک بانی مارک زکربرگ کو بھی ایک دن میں تقریباً 30 ارب ڈالرز کا بڑا نقصان، 2015 کے بعد پہلی مرتبہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک اور واٹس ایپ کی ملکیتی کمپنی میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کو کمپنی کے حصص کی قیمت گرنے سے مجموعی طور پر ایک دن میں تقریباً 30 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ ان کی کمپنی کو بھی 200 ارب ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق میٹا کمپنی کی جانب سے توقع سے کم آمدنی کا امکان ظاہر کیے جانے کے فوری بعد اسٹاک مارکیٹ میں میٹا کمپنی کے شیئرز کی مالیت بہت بری طرح گری۔

18 سالہ تاریخ میں پہلی بار فیس بک کے صارفین کی تعداد میں کمی کے اعلان کے بعد 3 فروری کو اسٹاک مارکیٹ میں میٹا کے حصص ایک گھنٹے کی ٹریڈنگ میں تقریباً 25 فیصد تک گرگئے، فیس بک کی خراب کارکردگی نے کمپنی کی اسٹاک مارکیٹ میں قدر کو تقریباً 200 ارب ڈالر کم کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ فیس بک کے فعال صارفین کی تعداد میں یومیہ 10 لاکھ کی کمی کے باعث اس کے مجموعی صارفین کی تعداد کم ہوکر 1.929 ارب ہوگئی۔

ان اعداد و شمار نے میٹا کمپنی کو اربوں ڈالرز کے نقصان سے دوچار کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ مارک زکربرگ کی دولت میں 30 ارب ڈالرز کی کمی کے بعد گزشتہ 7 سالوں میں پہلی مرتبہ وہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہو گئے، جبکہ فیس بک بانی کے اس نقصان کو انسانی تاریخ میں ایک دن کے دوران کسی بھی کاروباری شخص کو ہونے والا دوسرا سب سے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق فیس بک بانی مارک زکربرگ اس نقصان سے قبل دنیا کے ساتویں امیر ترین شخص تھے، جبکہ اب ان کی دولت کی کل مالیت کم ہو کر تقریباً 84 ارب ڈالرز رہ گئی ہے۔