آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دیدی

ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری، زامپا کے 4 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 29 مارچ 2022 22:40

آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دیدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 مارچ 2022ء ) تین میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دیدی۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کینگروز نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ 23 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹریوس ہیڈ سنچری سکور کرکے افتخار احمد کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

بین میکڈرموٹ 70 بالوں پر 55 رنز بنا سکے، مارنس لبوشین 35 بالز پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایلکس کیری کو زاہد محمود نے چلتا کیا، مارکس سٹوئنس 26 رنز جبکہ سین ایبٹ 14 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے اور پاکستان جو جیت کے لیے 314 کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم کے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افتخار احمد اور خوش دل شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔

اوپنر بلے باز فخر زمان 18 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان بابراعظم نصف سنچری بنا پولین لوٹ گئے، سعود شکیل صرف 3 رنز بنا سکے۔ امام الحق کو 96 بالز پر 103 رنز بنا کر پویلین لوٹنا پڑا، محمد رضوان 10 اور افتخار احمد 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ انجری اور کوویڈ19 مسائل سے دوچار آسٹریلین ٹیم نے میچ میں نیتھن ایلس اور مچل سویپسن کو ڈیبیو کرایا ہے۔

پاکستان کو میچ میں سپنر شاداب خان کی خدمات حاصل نہیں ہیں اور ان کی جگہ زاہد محمود کے ساتھ ساتھ محمد وسیم جونیئر کو بھی ڈیبیو کرایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جس میں آسٹریلیا نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور زاہد محمود پر مشتمل ہے جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرمٹ، مارنس لبوشین، مارکس سٹوئنس، کیمرون گرین، ایلکس کیری، سین ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زامپا اور مچل سویپسن شامل ہیں۔