حکومت پنجاب کی ہدایت پر شروع کی گئی صاف پنجاب مہم چار ماہ جاری رہے گی، اخلاق احمد

منگل 17 مئی 2022 21:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد نےکہاہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شروع کی گئی صاف پنجاب مہم چار ماہ جاری رہے گی۔ مہم کے دوران کچی آبادیوں اور نظر انداز کئے گئے علاقوں پر فوکس کیا جائے گا اور شہر کی ہر یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنرنے گھنٹہ گھر میں " صاف پنجاب مہم" کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر بھی انکے ہمراہ تھے۔افتتاح کے موقع پر شہریوں کی آگاہی کے لئے ریلی بھی نکالی گئی جس میں کمپنی منیجرز، ڈپٹی منیجرز، سیکٹر آفیسرز اور کمپنی ورکرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کو محکمہ لوکل گورنمنٹ آن لائن مانیٹر کر رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اس مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔

(جاری ہے)

اخلاق احمد نے بتایا کہ صوبہ کی تمام ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کے مابین صاف پنجاب مہم کا مقابلہ ہو گا اور انکی رینکنگ ہو گی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اس مہم کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور خوبصورت ملتان ہماری منزل ہے۔سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر بتایا کہ کمپنی نے قلیل المدتی صفائی پلان تیار کر لیا ہے اور مہم بارے روزانہ کی سرگرمیاں ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائیں گی اور اس کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جائیگی۔

محمد فاروق ڈوگرنے کہا کہ شہریوں کو صفائی بارے واضح تبدیلی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ شہری صفائی بارے ہیلپ لائن1139 پر شکایات درج کرائیں اور کمپنی سے تعاون کریں۔ محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ شہر میں معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری رہے گا۔