یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کے نزدیک ہانگ کانگ کے پرچم بردار جہاز پرحملے کی کوشش

حملے کی زد میں آنے والا چھوٹا جہازلاکوٹا تھاجو 62 فٹ طویل تھا،میری ٹائم انٹیلی جنس فرم ڈریاڈ گلوبل

جمعہ 20 مئی 2022 12:21

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) ہانگ کانگ کے پرچم بردار جہاز پر یمن کی ساحلی حدود میں حملے کی کوشش کی گئی ہے لیکن فوری طورپر واقعہ کے حالات واضح نہیں ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز گروپ نے کہا کہ یہ حملہ یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کے قریب کیا گیا ۔اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں لیکن اس نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

الحدیدہ کی بندرگاہ پر ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کا قبضہ ہے اور وہ اس سے پہلے متعدد بحری جہازوں پر حملے کرچکے ہیں۔میری ٹائم انٹیلی جنس فرم ڈریاڈ گلوبل نے بتایا کہ حملے کی زد میں آنے والا چھوٹا جہازلاکوٹا تھاجو 62 فٹ طویل تھااور اس پرہانگ کانگ کاپرچم لہرا رہا تھا۔ڈریاڈ نے بتایا کہ جہازمیں سوارافراد بین الاقوامی پانیوں میں سفرکررہے تھے اور مبینہ طور پر محفوظ تھے۔

(جاری ہے)

فوری طورپریہ واضح نہیں ہوسکا کہ جہاز کا مالک کون تھا یا واقعے کے وقت اس پر کل کتنے افرادسوار تھے۔جہازرانی کے سیٹلائٹ ڈیٹا کے مطابق لاکوٹا جہاز بحیرہ احمرمیں ہانیش جزائر کے مغرب میں براعظم افریقا میں واقع اریٹیریا اور جزیرہ نماعرب ملک یمن کے درمیان سفرکررہا تھا۔یہ جہاز یمن کی ساحل حدود کے قریب سفر کرنے سے پہلے جیبوتی میں تھا۔

جہاز نے اپنا خودکارشناختی نظام بھی آن نہیں کیا تھا جسے ڈریاڈ نے بہت عجیبقرار دیا ہے کیونکہ بحیرہ احمر بین الاقوامی جہاز رانی کا ایک بڑا راستہ ہے۔ڈریاڈ نے کہا کہ اس پر سوار ہونے کی کئی کوششیں کی گئی ہیں اور اطلاعات سے پتا چلتا ہے کہ وہ وہاں سے نکل جانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔امریکی بحریہ کے مشرقِ اوسط میں قائم پانچویں بحری بیڑے نے کہا کہ وہ اس حملے سے آگاہ ہے۔تاہم اس نے فوری طور پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔