چشمہ جھلم اور تونسہ پنجند لنک کینالز پر پانی کے مسلسل بہاؤ کے سبب تربیلا ڈیم خالی ہو رہا ہے،جام خان شورو

جمعہ 20 مئی 2022 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) صوبائی وزیر برائے محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے کہا ہے کہ چشما جھلم اور تونسہ پنجند لنک کینالز پر پانی کے مسلسل بہاؤ کے باعث تربیلا ڈیم تیزی سے خالی ہورہا ہے جبکہ ارسا کی جانب سے غیر قانونی ووٹنگ کے ذریعے بلوچستان کے میمبر کی مدد سے سی جے اور ٹی پی لنک کینالز کو چلایا جارہا ہے۔

ان باتوں کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ ایک اہم بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو کا کہنا تھا کہ ارسا صوبہ سندھ کو مزید پانی کی شارٹیج دے رہا ہے اورارسا کے غیرقانونی فیصلوں کے باعث سندھ کوخریف سیزن میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ جام خان شورو نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ارسا کے اس قسم کے غیرقانونی اقدامات کو فوری روکنا چاہیے آبی معاہدہ 1991 کے تحت صوبوں کے مابین پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی وزیر جام خان شورو کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کی ذیلی کمیٹی کی پانی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ کو جلد شائع کیا جائے۔