امپورٹڈ حکومت گھبرا گئی ہے، علی زیدی

حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے اور حکومت نے شیریں مزاری کو گرفتار کرکے تمام حدیں پار کر لی ہیں، سابق وزیر

ہفتہ 21 مئی 2022 20:15

امپورٹڈ حکومت گھبرا گئی ہے، علی زیدی
نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید علی زیدی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت گھبرا گئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے گھبراہٹ دکھا دی ہے اور ہمیں اس بات کا اندیشہ تھا جو انہوں نے کیا۔ گزشتہ شب عالمگیر خان کے گھر پر بھی پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی جس میں پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے اور حکومت نے شیریں مزاری کو گرفتار کرکے تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ ڈاکٹر شیریں مزاری پر تشدد بھی کیا گیا۔علی زیدی نے کہا کہ حکومت کے اس عمل سے صاف ظاہر ہے کہ یہ لوگ گھبرا گئے ہیں اور آج ملک بھر میں شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج ہو گا۔ کارکن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنے گھر کا بجٹ چوری سے چلاتے ہیں تو عوام کو بجٹ میں کیا ریلیف دیں گے۔ یہ پاکستان کے لیے چوری نہیں کریں گے بلکہ پاکستان سے چوری کریں گے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے اپنی وزارت کے دور میں بڑے مشکل فیصلے کیے تھے۔