سیاسی استحکام کے بغیر مضبوط معیشت ممکن نہیں ‘ فرحان شہزاد

آئین میںہر شخص کے کردارکا تعین ،ابہام کی صورت میں تشریح عدلیہ کا کام ہے ‘ سابق وائس چیئرمین پنجاب بار

اتوار 22 مئی 2022 17:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) پنجاب بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین فرحان شہزاد نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر مضبوط معیشت ممکن نہیں ،پاکستان بائیس کروڑ عوام کا ملک ہے اورآئین و قانون کی پاسداری سے ہی یہ آگے بڑھ سکتا ہے،آئین میںہر شخص کے کردارکا تعین واضح ہے اور کسی بھی ابہام کی صورت میں تشریح عدلیہ کا کام ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں فرحان شہزاد نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات سے دوچار تھا جبکہ رہی سہی کسر سیاسی عدم استحکام نے نکال دی ہے ۔ سیاستدانوں کو اپنی اناء اور ضد کو پشت ڈال کر پاکستان کے لئے سوچنا ہوگا وگرنہ عوام کسی کو معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اورسیاسی استحکام ناگزیر ہے ، خوف و ہراس کی فضاء میں مقامی سرمایہ کار محتاط ہو جاتے ہیں تو بیرونی سرمایہ کیسے سرمایہ کاری کے لئے راغب ہوں گے۔ پاکستان کو آگے لے جانا ہے تو سب کو آئین و قانون کی پاسداری کرنا ہو گی اور آئین میں جس طرح جس کردار کا تعین کیا گیا ہے اس کے مطابق چلنا ہوگا۔