یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی جانب سے سمر کیمپ 2022 کا انعقاد

M.Irfan Shafiq محمد عرفان شفیق جمعہ 24 جون 2022 14:17

یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی جانب سے سمر کیمپ 2022 کا انعقاد
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2022ء) یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی جانب سے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال کویت میں بچوں کیلئے سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا دورانیہ 2 ماہ ہے۔ سمر کیمپ میں بچوں کی کثیر تعداد نے رجسٹریشن کروائی۔ افتتاحی تقریب خیطان اسلامک کلچر سنٹر میں منعقد ہوئی، حسن ارشد چوہدری نے پروگرام کی نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سےعبدالله یاسین نے کیا۔ افتتاحی کلمات میں نوید پاشا (صدر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت) نےبچوں کو خوش آمدید کہا اور بچوں کے مستقبل کے حوالے سے کلمہ نصیحت اور یوتھ ونگ کے سالانہ پروگرامات کو تفصیل سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ہمارے بچے کامیابی حاصل کریں لیکن یہ کام صرف سوچنے سے حاصل نہیں ہوتا بلکہ کچھ عملی کام بھی کرنا پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

یوتھ ونگ نے اس کام کو کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ صدر یوتھ ونگ نے پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ کیمپ انچارج عبدالله شریف نے سمر کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے، قائمقام صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی عبدالرحمن عباسی نے اپنے خطاب میں یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ آج کے پُر فطن دور میں بھی ایسے نوجوان موجود ہیں، جو صرف اور صرف الله کی رضا کی خاطر اپنا وقت بامقصد کاموں کے لئے صرف کرتے ہیں، یوتھ ونگ کی اس کوشش کی تحسین کرتے ہوئے انہوں نےامید ظاہر کی کہ ایسے پروگرامات ہماری آئندہ نسلوں کی تربیت کے لئے بہت مفید ثابت ہوں گے اور انہی بچوں میں سے کل کو ایسے نوجوان نکلیں گے جو اسلام اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

پروگرام کا اختتام مرکزی جنرل سیکرٹری اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے دعائیہ کلمات سے کیا۔ پروگرام کے بعد مہمانوں کے لیے بہترین ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :