فیصل آباد محکمہ تعلیم کی عدم دلچسپی درجنوں سرکاری سکولز و کالجز میں خاردار تاریں سی سی ٹی وی کیمرے نہ لگائے جا سکے

متعدد سکولز و کالجز کی بیرونی دیواریں تک غائب،سیکیورٹی سسٹم فعال نہ ہونے پر اساتذہ اور طلباء کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں

جمعہ 5 اگست 2022 16:35

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2022ء) فیصل آباد محکمہ تعلیم کی عدم دلچسپی درجنوں سرکاری سکولز و کالجز میں خاردار تاریں سی سی ٹی وی کیمرے نہ لگائے جا سکے،متعدد سکولز و کالجز کی بیرونی دیواریں تک غائب،سیکیورٹی سسٹم فعال نہ ہونے پر اساتذہ اور طلباء کی زندگیاں داو پر لگ گئی،حکام بالا سے فوری طور پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ-تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام سرکاری سکولز و کالجز میں سی سی ٹی وی کیمروں اور خاردار تاریں لگانے کی ہدایات جاری کی ہیں اور سکولز و کالجز کے سربراہان کو کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی سسٹم کو فعال کرنے کیلئے تمام تر میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں پنجاب حکومت کی واضح ہدایات کے باوجود فیصل آباد میں محکمہ تعلیم کی عدم دلچسپی کے باعث تاحال درجنوں سکولز و کالجز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب نہ کی جا سکی ہے اور نہ ہی خاردار تاریں لگائی گئی ہے جبکہ متعدد سکولز و کالجز کی بیرونی دیواریں تک غائب ہیں جس کے باعث اساتذہ اور طلباء کی زندگیاں داو پر لگ چکی ہیں اساتذہ اور طلبائ خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے سکولز و کالجز میں دوران ڈیوٹی اساتذہ کیساتھ وارداتیں معمول بن چکی ہیں 3 روز قبل بھی ایم سی پرائمری سکول نمبر 5 جڑانوالہ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے بچے کو داخل کروانے کے بہانے خواتین ٹیچرز سے لاکھوں روپے مالیتی مال و زر لوٹ لیا اور فرار ہو گئے جس پر اساتذہ میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے طلبائ کے والدین کا کہنا ہے کہ سکولز و کالجز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب نہ ہونا اور ناقص سیکیورٹی انتظامات نے محکمہ تعلیم کے افسران کی جانب سے کئے گئے بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھول دی ہے طلبائ کے والدین نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سکولز و کالجز میں سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنایا جائی-