صوبائی وزیر صنعت کا ٹھوکر نیاز بیگ و دیگر علاقوں میں امام بارگاہوں کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

منگل 9 اگست 2022 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2022ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے یوم عاشور کے موقع پر ٹھوکر نیاز بیگ، ماڈل ٹائون اور شہر کے دیگر علاقوں میں واقع امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اورماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چھٹہ اور پولیس افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

میاں اسلم اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ،پولیس اور دیگر اداروں نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران مثالی انتظامات کئے ہیں،مجالس کے منتظمین نے بھی سکیورٹی و دیگر انتظامات کوسراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر10ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار مامور ہیں جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بھی مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ عزاداروں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے دیگر ادارے بھی ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، کسی کی دل آزاری نہیں کرنی چاہئے،رواداری، برداشت، تحمل اور بھائی چارے کے ساتھ ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کر نا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کا مختصر پیغام بھی یہی ہے کہ یزید تھا اور حسین رضی اللہ تعالی عنہ ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے ڈپٹی کمشنر کو انتظامات کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔