ٰسپیشل اکنامک زونزز اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے‘ میاں اسلم اقبال

صوبے کی 24سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں 1450نئے صنعتی یونٹس لگ چکے ہیں،تین نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کر دیں

جمعرات 11 اگست 2022 16:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2022ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں محکمانہ بریفنگ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے محکمے کے امور اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے سپیشل اکنامک زونزز اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی مراکز میں ترقیاتی کام دن رات کام کرکے مکمل کئے جائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فیڈمک کا نیا بورڈ تشکیل دیا جائیاور بورڈ کے تمام معاملات ایک ماہ میں درست کئے جائیں۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں ایس ای ذی انٹرپرائزز سٹیٹس کے لئے آنیوالی درخواستوں پر تین دن میں فیصلہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صنعتی مراکز میں کالونائزیشن کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون سیالکوٹ کے ترقیاتی کام ترجیح بنیادوں پر کرنا ہونگے انہوں نے کہا کہ صوبے کی 24سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں 1450نئے صنعتی یونٹس لگ چکے ہیں۔

میاں اسلم اقبال نے پیسک کی قرضہ سکیموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی انڈسٹریز کو پرائس کنٹرول مکینزم پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ناپ تول میں کمی کی روک تھام کیلئے بھرپور مہم چلانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے اہداف حاصل کرنا ہونگے۔پنجاب میں تین نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کر دیں، چوتھی یونیورسٹی راولپنڈی میں بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کو بھی نتائج دینا ہونگے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کنزیومر پروٹیکش کونسل اپنابھرپور کردار ادا کرے، میٹنگز کا وقت ختم، اب کام کرکے نتائج دینا ہونگے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جو کام کرے گا، وہی میری ٹیم کا حصہ رہے گا۔سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن اور ذیلی اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :