طیبہ گل کے معاملہ کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کیخلاف درخواست پرسماعت

جمعہ 12 اگست 2022 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی طیبہ گل کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست پر سرکاری وکیل کی دلائل پیش کرنے کی مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس انوار حسین نے جمعہ کے روز جاوید اقبال کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گذار جاوید اقبال کے وکیل صفدر شاہین پیر زادہ نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے آر ٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل ہرشہری کا بنیادی حق ہے،ایک ہی معاملے پر ایک سے زیادہ قانونی کارروائی نہیں ہوسکتی ہے،قانون کے تحت انکوائری کمیشن مفادعامہ کے معاملے پر ہی قائم ہو سکتا ہے۔عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت طیبہ گل کے معاملے کیلئے قائم انکوائری کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

دریں اثنا طیبہ گل نے بھی دائر کیس میں فریق بننے کی درخواست دے دی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے قومی اسمبلی میں کمیٹی کے روبرو میرے بیان میں کمیشن بنانے کے خلاف درخواست دائر کی ہے استدعا ہے کہ مجھے اس کیس میں فریق بننے کی اجازت دی جائے تاکہ عدالت کے روبرو حقائق پیش کرسکوں ۔