ڈی آئی جی حیدرآباد کی جشن آزادی کے حوالے سے پر تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 12 اگست 2022 22:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج نے جشن آزادی کے موقع پر حیدرآباد رینج میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، ریلیوں اور تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ شر پسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے اور امن امان کی فضا کو ہر صورت قائم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان ڈی آئی پولیس کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) حیدرآباد سید پیر محمد شاہ نے جشن آزادی کے موقع پر حیدرآباد رینج کے تمام ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی کہ سکولز،کالجز،جامعات پریس کلبز یا دیگر ایسے مقامات جہاں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوتی ہیں ان کے اطراف میں سنیپ چیکنگ،پکٹنگ سمیت تمام سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اہم مقامات ، اہم چوراہوں، داخلی خارجی راستوں پر پولیس پکٹس کو قائم کرنے، ریلوے اسٹیشنز، بس ٹرمینلز، سرکاری و نجی املاک، گنجان آباد علاقوں، مصروف بازاروں اہم مقامات پر موبائل، موٹر سائیکل گشت اور نفری میں اضافے کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی آئی جی حیدرآباد نے ہوائی فائرنگ کرنے والے شر پسند عناصر ، ون ویلنگ کرنے والے منچلے نوجوانوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایات بھی جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر قانون کی بالا دستی اور امن وامان کو ہر صورت قائم رکھا جائے تمام ایس ایس پیز اپنے اپنے اضلاع میں لمحہ بہ لمحہ آگاہی کے لئے تمام تر ضروری سہولیات سے آراستہ کنٹرول روم قائم کریں۔