اے این پی کا ہرنائی کھوسٹ واقعے کی جوڈیشل نکوائری کا مطالبہ

ہرنائی واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اپنے لوگوں پر براہ راست گولیاں برسانا کہاں کی دانشمندی ہے، امیرحیدرخان ہوتی

پیر 15 اگست 2022 22:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقہ کھوسٹ میں پیش آنیوالے واقعے کی جوڈیشل انکوائری اور ایف آئی آر درج کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہرنائی واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اپنے لوگوں پر براہ راست گولیاں برسانا کہاں کی دانشمندی ہے۔

مذکورہ واقعے کے بعد عوام اور فورسز کے درمیان اعتماد کا فقدان پیدا ہوچکا ہے، اختیارات سول انتظامیہ کے حوالہ کیا جائے۔ خالقداد بابر شہید کے ذمہ داران کو سامنے لایا جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا اور خالقدادشہید کے رشتہ دار ولی داد بابر سے رابطے کے بعد امیرحیدرخان ہوتی کا کہنا تھا کہجہاں دہشتگردی ہو، اے این پی مذمت کرے گی لیکن عوام کو نشانہ بنانا برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اس قسم کے واقعات سے بلوچستان میں احساس محروم مزید بڑھے گی، ذمہ داران کو سوچنا ہوگا۔پختونخوا اور بلوچستان میں ایسے واقعات تواتر سے دیکھے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص جماعت موٹروے تک کو بند کرسکتی ہے، نقصانات پہنچاسکتی ہے، انہیں کچھ نہیں کہا جاتا۔کیا پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے کا حق نہیں جب پورا ملک جشن آزادی کا جشن منارہا تھا، بلوچستان میں نعش رکھ کر احتجاج کیا جارہا تھا۔ایسے واقعات سے کونسا پیغام دیا جارہا ہے کہ آیا پشتون یا بلوچ اس ملک کے باشندے نہیں اس واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائے اور ملزمان سامنے لا کر سخت سزا دی جائے