فاطمہ جناح پر بنی سیریز آئندہ برس ریلیز ہوگی، مفصل ٹریلر ریلیز

فاطمہ جناح کے لڑکپن ،جوانی کا کردار سندس فرحان ،ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی ،زائد العمری کا کردار سامعہ ممتاز ادا کررہی ہیں

بدھ 17 اگست 2022 17:39

فاطمہ جناح پر بنی سیریز آئندہ برس ریلیز ہوگی، مفصل ٹریلر ریلیز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2022ء) مادر ملت فاطمہ جناح کی زندگی پر بنائی جانیوالی سیریل کا 15منٹ دورانئے کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ برس ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ فاطمہ جناح نامی بنائی گئی سیریز کو یوم آزادی کے موقع پر ریلیز کیا جائیگا، تاہم اب اس کا مفصل خاکہ جاری کرتے ہوئے اسے 2023میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

جاری کیے گئے مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ٹریلر میں فاطمہ جناح کے لڑکپن اور جوانی کا کردار سندس فرحان جبکہ ان کی ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی اور زائد العمری کا کردار سامعہ ممتاز کو ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹریلر میں سوشل میڈیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والی دنانیر مبین کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے، جنہوں نے انیتا پونا والا نامی صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔

مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے سیکریٹری جوزف کا کردار بھی دکھایا گیا ہے، جسے عمر عبداللہ نے ادا کیا ہے۔ ٹریلر میں قیام پاکستان کے وقت ہونے والی قتل و غارت گری کو بھی دکھایا گیا ہے اور ٹرین میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی لاشوں کے دل ہلا دینے والے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں۔ٹریلر میں قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح کو صدارتی انتخابات کے امیدوار کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے۔