دھوبی، ویلڈر، لوہار! سب کیلئے پروفیشن لائسنس ضروری‘ دیگر کئی پیشوں کی فہرست بھی جاری

سعودی عرب میں ہنر مند کارکنوں کے لیے یکم جون 2023ء سے پروفیشن لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اگست 2022 12:15

دھوبی، ویلڈر، لوہار! سب کیلئے پروفیشن لائسنس ضروری‘ دیگر کئی پیشوں ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اگست2022ء ) سعودی عرب میں پروفیشن لائسنس لازمی قرار دیے گئے پیشوں کی فہرست سامنے آگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امورکی جانب سے ہنر مند کارکنوں کے لیے یکم جون 2023 سے پروفیشن لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے، سعودی وزارت 81 پیشوں کے لیے لائسنس جاری کرے گی، لائسنسوں کی تصدیق تعلیمی قابلیت یا تجربے اور مہارتوں کی جانچ سے کی جائے گی جو اپنے کام کو اعلیٰ کارکردگی کے ساتھ انجام دینے کے لیے درکار ہیں، جس کے تحت لانڈری میں کپڑوں کی دھلائی، استری اور صفائی کے کارکنان، کارپینٹر، لوہار اور المونیم کے کارکنان کو پروفیشن لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ فرنیچر تیار کرنے والے، عام ڈیکوریشن کرنے والے کارپینٹر، فرنیچر بڑھئی، لوہے کا فرنیچر بنانے والے لوہار، دھات کے دروازے تیار کرنے والے، ویلڈر، لکڑی کے دروازے اور کھڑکیاں تیار کرنے والے، المونیم ٹیکنیشن، دیواروں اور فرش پر لکڑی کا کام کرنے والے بڑھئی، ڈیکوریشن کرنے والے بڑھئی، ویلڈنگ کرنے والے ٹیکنیشن کے لیے بھی پروفیشن لائسنس حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے کارمینٹیننس سے متعلق متعدد پیشوں میں لائسنس کی پابندی لگائی ہے، جس کے تحت اب ریڈی ایٹر ٹیکنیشن، لائٹ وہیکل مینٹیننس ٹیکنیشن، کار الیکٹریشن، گاڑی کا شیشہ لگانے والے، کار مکینک، چھوٹی گاڑیوں کے ٹیکنیشن، گاڑیوں کے بریک کا مکینک، کار ڈینٹر، گاڑیوں کی سیٹیں تیار کرنے والے، گاڑیوں کے ڈھانچے کا ڈینٹر، گاڑیوں کے اے سی کا مکینک، تھرمل انسٹالیشن فیکٹر مکینک، گاڑیوں میں آئل اور گریسنگ کرنے والے اور گاڑیوں کے پینٹر کو بھی مملکت میں کام کرنے کے لیے پروفیشن لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔