ایران میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیرآیندہ دنوں میں اپنے منصبی فرائض سنبھال لیں گے

پیر 22 اگست 2022 15:51

ایران میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیرآیندہ دنوں میں اپنے منصبی فرائض ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2022ء) ایران میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر سیف محمد الزعبی آنے والے دنوں میں تہران میں سفارت خانے میں اپنے منصبی فرائض سنبھال لیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں اورسفیر کے عہدے تک سفارتی نمائندگی بڑھانے کے سابقہ فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

وزارت نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک اور وسیع ترخطے کے مشترکہ مفادات کے حصول اور دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ میں معاون ہوگا۔تہران میں اماراتی سفیر کے تقررکااعلان 26 جولائی کو متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان فون کال کے بعد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات نے 2012 میں ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد کے متنازع جزیرے ابو موسی کے دورے کے بعد تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا تھا۔

احمدی نژاد نے خلیجی علاقوں کے حصے کے طور پر اس متنازع جزیرے کا دورہ کیا تھا۔ابوموسی متحدہ عرب امارات کے ساحل سے قریبا 60 کلومیٹر دور واقع ہے اور خلیجی ملک اسے آبنائے ہرمز کے قریب واقع دو دیگر چھوٹے جزائر کے ساتھ اپنا خود مختارعلاقہ قرار دیتا ہے۔ایران نے 1971 میں ان جزائر پر کنٹرول کا دعوی کیا تھا۔