10 سال بعد یو اے ای اور ایران کے سفارتی تعلقات میں اہم پیشرفت

ایران میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر سیف محمد الزعبی چند روز میں تہران میں امارات کے سفارت خانے میں اپنے فرائض سنبھال لیں گے

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 اگست 2022 17:40

10 سال بعد یو اے ای اور ایران کے سفارتی تعلقات میں اہم پیشرفت
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اگست 2022ء ) 10 سال بعد متحدہ عرب امارات اور ایران کے سفارتی تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے کہ ایران میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر سیف محمد الزعبی آنے والے دنوں میں تہران میں سفارت خانے میں اپنے فرائض سنبھال لیں گے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اماراتی سفیر کی تہران واپسی دونوں ملکوں کے دفاتر خارجہ کے درمیان رابطہ مہم کے تحت سفارتی روایات کے تحت ہورہی ہے، یہ فیصلہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں اورسفیر کے عہدے تک سفارتی نمائندگی بڑھانے کے سابقہ فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے، ایران میں امارات کے نئے سفیر دونوں پڑوسی ممالک اور خطے کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لیے کام کریں گے، یہ فیصلہ دونوں ممالک اور وسیع ترخطے کے مشترکہ مفادات کے حصول اور دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ میں معاون ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2012 میں ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد کے متنازع جزیرے ابو موسیٰ کے دورے کے بعد تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا تھا تاہم تہران میں اماراتی سفیر کے تقررکا اعلان 26 جولائی کو متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ہونے والی فون کال کے بعد کیا گیا تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ ایران کے سابق صدر احمدی نژاد نے اپنے دور حکومت میں خلیجی علاقوں کے حصے کے طور پر اس متنازع جزیرے کا دورہ کیا تھا، ابوموسیٰ متحدہ عرب امارات کے ساحل سے قریباً 60 کلومیٹر دور واقع ہے اور خلیجی ملک اسے آبنائے ہرمز کے قریب واقع 2 دیگر چھوٹے جزائر کے ساتھ اپنا خود مختارعلاقہ قرار دیتا ہے تاہم ایران نے 1971 میں ان جزائر پر کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا۔