امارات کا برسوں بعد ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ

سیف محمد الزعبی آئندہ کچھ روز میں تہران میں واقع سفارت خانے میں اپنے منصبی فرائض سنبھال لیں گے

منگل 23 اگست 2022 15:15

امارات کا برسوں بعد ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2022ء) متحدہ عرب امارات نے 6 برس بعد ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اماراتی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔گفتگو کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور حسین امیر عبداللہیان نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور سفارتی تعلقات کی بحالی پر پیشرفت کی۔

سیف محمد الزعبی آئندہ کچھ روز میں تہران میں واقع سفارت خانے میں اپنے منصبی فرائض سنبھال لیں گے۔اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارتی تعلقات کی بحالی دونوں ممالک اور وسیع ترخطے کے مشترکہ مفادات کے حصول اور دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ میں معاون ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے 2012 میں متنازع جزیرے ابو موسی کا دورہ کیا تھا جس کے بعد متحدہ عرب امارات نے تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا تھا۔جزیرہ ابوموسی متحدہ عرب امارات کے ساحل سے تقریبا 60 کلومیٹر دور واقع ہے اور خلیجی ملک اسے آبنائے ہرمز کے قریب واقع دو دیگر چھوٹے جزائر کے ساتھ اپنا خود مختارعلاقہ قرار دیتا ہے۔دوسری جانب ایران نے 1971 میں ان جزائر پر کنٹرول کا دعوی کیا تھا۔