ایگزیکٹوڈائریکٹر آرٹس کونسل لاہور کی الحمرا آرٹ میوزیم ہفتہ بھر کھلا رکھنے کی ہدایت

منگل 20 ستمبر 2022 16:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2022ء) ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد رفیع اللہ نے اپنے پہلے دورہ الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم کے موقع پر الحمرا آرٹ میوزیم کو آرٹ سے محبت کرنے والوں کے لئے ہفتہ بھر کھلا رکھنے کی ہدایت کی۔ترجمان کے مطابق انھو ں نے اس موقع پر کہا کہ الحمرا آرٹ میوزیم اپنے خوبصورت محل وقوع میں گھیرا فن کی دنیاکا شاہکار ہے،میوزیم میں آویزاں عظیم آرٹسٹوں کے کام کودیکھنے والوں کا دائرہ کار وسیع بنا رہے ہیں۔

محمد رفیع اللہ نے کہا کہ الحمرا آرٹ میوزیم کو سات روز تک کھلا رکھنے کا مقصد فنون لطیفہ سے محبت رکھنے والوں کو فن پارے دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے،عوام اورالحمرا آرٹ میوزیم کے درمیان رابطے بڑھانے کے بھرپور اقدام اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

فن پارے کسی بھی قوم کی اعلی اقدارکے آئینہ دار ہوتے ہیں جس سے اس قوم کی ہزار ہاسالہ تہذیب و تمدن،ثقافت اور معاشرت بخوبی جھلکتی ہیں۔

پاکستان مصوری کے شعبے میں بڑے بڑے نام پیدا کرنے میں ایک زرخیز ترین خطہ رہا ہے۔ہم اس حوالے سے اپنی خوش بختی پر فخر کرسکتے ہیں کہ قدرت نے ہمیں ایسے ایسے آرٹسٹوں سے نوازاجن کے بنائے ہوئے فن پارے دعوت نظارہ ہی نہیں،فکر ی غذا بھی دیتے ہیں اور ماضی سے ہمارے رشتے ناطے جوڑتے اور فخر سے ہمارا سربھی بلند کرتے نظرآتے ہیں۔اگر ہماری نگاہیں ایسا مرکز تلاش کرنا چاہیں جہاں ہم اپنے آرٹ کا خزانہ موجود پائیں تو ہمیں الحمرا آرٹ میوزیم ہی وہ واحد جگہ ملے گی،جہاں ہمارے عالمی شہرت یافتہ 116آرٹسٹوں کے175سے زائدفن پارے رکھے گئے ہیں۔

الحمرا آرٹ میوزیم اپنی نوعیت کی ایسی منفرد جگہ ہے جہاں موجود فن پاروں کے ذریعے ہم اپنے شاندار ماضی،حال کے اتار چڑھا اور مستقبل کی پیشن گوئیوں کے ساتھ ساتھ اپنی اقدار،رسوم و رواج،سماجی ومعاشرتی رویوں کا حال جان سکتے ہیں۔یعنی الحمرا آرٹ میوزیم ہماری نئی نسل کو اپنی عظمت رفتہ سے روشناس کرنے کے قابل قدار اورکامیاب کو ششیں کر رہا ہے۔

الحمرا کلچرل کمپلیکس،لاہور آرٹس کونسل الحمرا کا ایک ذیلی ادارہ ہے جہاں یہ الحمرا آرٹ میوزیم کی شاندار عمارت موجودہے۔الحمرا کلچرل کمپلیکس میں 1996 میں الحمرا پر مانیٹ آرٹ گیلری کا وجود عمل میں لایا گیا۔2017 میں اس آرٹ گیلری کی تزوئین وآرائش کی گئی اور اسے الحمرا آرٹ میوزیم کا نیا نام دے دیا گیا۔الحمرا آرٹ میوزیم پاکستان میں ایسا واحد میوزیم ہے جہاں پر صرف آرٹسٹوں کے بنائے ہوئے فن پارے ہی رکھے گئے ہیں ان مصوروں میں عبد الرحمن چغتائی،استاد اللہ بخش،صادقین،شاکرعلی، ایس صفدر،حنیف رامے،شمزا،احمد پرویز،کولن ڈیوڈ،اسلم کمال، جمی انجینئر،میری کترینا،کامل خان ممتاز،انا مولیکا احمد،سعید اختر،زبیدہ آغا،خالد اقبال جیسے عالمی شہرت یافتہ نام شامل ہیں۔

مختلف تعلیمی اداروں کے وفود الحمرا آرٹ میوزیم کا گاہے بگاہے دورہ کرتے رہتے ہیں،سٹوڈئٹس کو اس میوزیم میں رکھے گئے فن پاروں کی مدد سے اپنے آئیڈیل کے انتخاب میں آسانی ہو رہی ہے، وہ اپنے کام کو نئے نئے زاویے عطا کررہے ہیں،الحمرا آرٹ میوزیم کی بدولت فائن آرٹ کے طلبہ وطالبات کواپنے تھیسز کے موضوعات کے انتخاب میں بھی آسانی ہورہی ہے، الحمرا آرٹ میوزیم ہر خاص و عام کے لئے دفتری اوقات کار میں کھلا رہتا ہے،سکالرز،محقق،سیاح،طالب علم اور مورخ بھی اس میوزیم کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں،الحمرا آرٹ میوزیم اس حوالے سے بھی اپنے اندر ایک خاص دلچسپی کا پہلو سموئے ہوئے ہے کہ اس کی عمارت ایک منفرد طرز پر تعمیر کی گئی ہے لہذا شعبہ تعمیرات کے طالب علم اس میوزیم کی عمارت کا مطالعہ کرنے کیلئے بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں،اس الحمرا آرٹ میوزیم کی عمارت میں فن پاروں اوردیکھنے والوں کے درمیان موثر ابلاغ میں سورج کی روشنی کو بھی عمل دخل حاصل ہے،یہ عنصر یہاں رکھے گئے کام کی افادیت میں اضافہ کا باعث ہے، روشنی کا داخلہ ایسے زاویوں سے عمارت کے اندرونی حصہ پر پڑتا ہے کہ اندر رکھے گئے شاہکار کی صحیح نوعیت کا اندازہ کرنا آسان ہو جاتا ہے اور پینٹنگ کا اصل نظارہ متاثر نہیں ہونے پاتا۔

اس میوزیم کا کردار مصوری کے شعبے میں ہر آنے والے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے،یہ میوزیم مصوری کی اقدار کی پرورش کررہا ہے،یہاں پر رکھے ہوئے فن پارے دیکھ کر ہمیں اپنے سیاسی،سماجی اور اخلاقی حالات کا بخوبی اندازہ ہو تاہے۔ اس حوالے سے لاہورآرٹس کونسل کی انتظامیہ بلاشبہ داد کی مستحق ہے جن کی شب وروز اعلی خدمات سے یہ بڑا کام عمل میں لایا گیا۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر الحمرا ذوالفقار علی زلفی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ نامور مصور عبد الرحمن چغتائی،استاد اللہ بخش،صادقین شاکر علی،ایس صفد ر،حنیف رامے کا کام الحمرا آرٹ میوزیم کی زینت ہے،احمد پرویز،کولن ڈیوڈ،اسلم کمال،جمی انجینئر،میری کترینا،کامل خان،انا مولیکا،ذوالفقار علی زلفی و دیگر کا دیگر کا کام بھی میوزیم میں دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز ہے۔