باغبانوں اور کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت جدید طریقے سے کرنی چاہیے ،ماہرین زراعت

ہفتہ 24 ستمبر 2022 12:19

باغبانوں اور کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت جدید طریقے سے کرنی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2022ء) ماہرین زراعت نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں ان کا ادارہ باغبانوں اور کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے جبکہ ان کی رہنمائی، مشاورت، معلومات، اطلاعات وغیرہ کیلئے بھی تمام اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے لہٰذا اگر باغبان اور کاشتکارماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد کریں تو اعلیٰ کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف اندرون ملک فروخت بلکہ بیرون ملک ایکسپورٹ کے ذریعے کاشتکار و باغبان بھاری مالی منافع حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باغبانوں اور کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت جدید طریقے سے کرنی چاہیے تاکہ پھل ضائع ہونے کا خدشہ نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ پھل کو صحیح حالت میں اور ٹھیک طریقے سے توڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فصل کی برداشت سے پہلے پھل کی پختگی کا بھی تعین کر لینا چاہیے اور ترشاوہ پھل اس وقت توڑنا چاہیے جب اس میں مٹھاس کی مناسب مقدار موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہاتھوں سے توڑنے کی بجائے ترشاوہ پھلوں کو ٹہنی کے ساتھ تیز قینچی سے توڑا جائے تو وہ زیادہ دیر تک اپنی تازگی، لذت، ذائقہ اور کوالٹی برقرار رکھ سکتا ہے۔