سیالکوٹ کی انڈسٹریل ضروریات کے پیش نظر علاقے میں سٹیٹ آف دی آرٹ انجینئر نگ یونیورسٹی بنائی جائے گی،چودھری پرویز الہی

بدھ 28 ستمبر 2022 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2022ء) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الہی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عطاالرحمان نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ اوربہتری کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلی نے ہائرایجوکیشن کے معیارکودورحاضر کے تقاضوں کے مطابق بہتربنانے کی ضرورت پرزور دیا۔ اجلاس میں پنجاب میں ہائی ٹیکنالوجی ایجوکیشن کلچر متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ یونیورسٹیز میں انڈسٹریل پراڈکٹ ڈویلپمنٹ کے لئے سپیشلائزڈ ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔ گوجرانوالہ، گجرات اورسیالکوٹ کی انڈسٹریل ضروریات کے پیش نظر علاقے میں 100 ایکڑ پر سٹیٹ آف دی آرٹ انجینئر نگ یونیورسٹی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئر نگ اینڈ انجینئر نگ ٹیکنالوجیزکا دنیا کی بہترین سپیشلائزڈ یونیورسٹیز سے الحاق ہوگا اور اس ضمن میں غیر ملکی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیاجائے گا۔ یونیورسٹی گورننگ باڈی میں متعلقہ شعبے کے فارن ایکسپرٹس شامل ہوں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ نئی نسل کودور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی ایجوکیشن سے بہرہ مندکرنا وقت کی ضرورت ہے۔ صوبائی مشیر عامر سعید راں، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی پنجاب جی ایم سکندر، یو ای ٹی کے وائس چانسلر سید منصور سرور، ریکٹر پاک آسٹرین ہری پور پروفیسر مجاہد، پروفیسر وقار محمود، سیکرٹریز ہائرایجوکیشن،فنانس،سی اینڈ ڈبلیو اورپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اجلاس میں شرکت کی۔