فلپ سالٹ کا لاٹھی چارج ،انگلینڈ نے 170 رنز کا ہدف 15 اوور میں پورا کرلیا

اوپنر نے 41 گیندوں پر 13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 ستمبر 2022 22:47

فلپ سالٹ کا لاٹھی چارج ،انگلینڈ نے 170 رنز کا ہدف 15 اوور میں پورا کرلیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2022ء ) 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-3 سے برابر کردی۔ انگلینڈ نے چھٹے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپننگ کیلئے کپتان بابراعظم کے ساتھ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر محمد حارث میدان میں آئے اور ایک چھکا بھی لگایا۔

محمد حارث پراعتماد بیٹنگ کرنے میں ناکام ہوئے تیسرے اوور میں گلیسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود بھی کھاتہ کھولے بغیر ڈیوڈ ویلی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ حیدر علی نے 14 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم اور افتخار احمد نے چوتھی وکٹ پر اچھی شراکت کی، اس دوران بابر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

(جاری ہے)

افتخار احمد 21 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

آصف علی نے 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ایک چوکے کی مدد سے 9 رنز بنائے اور ڈیوڈ ویلی کی وکٹ بنے۔ محمد نواز نے آخر میں 7 گیندوں میں ایک شاندار چھکے کی مدد سے 12 رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم نے آؤٹ ہوئے بغیر 87 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور 59 گیندوں کا سامنا کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی 55 رنز کی شراکت کی۔ ایلکس ہیلز چوتھے اوور میں 12 گیندوں پر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فل سالٹ کا ساتھ دینے کے لیے ڈیوڈ ملان آئے اور 18 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ فل سالٹ نے بین ڈکٹ کے ساتھ شراکت میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 15 ویں اوور کی تیسری گیند پر 170 رنز بنا کر ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلائی۔

اوپنر فل سالٹ نے آؤٹ ہوئے بغیر 41 گیندوں پر 13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔ بین ڈکٹ نے 16 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی 20 میچز کی سیریز کا چھٹا میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، قومی ٹیم کو سیریز میں تین دو سے برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں نے آج کے میچ میں دو دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں، انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، مارک ووڈ اور کرس ووکس کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ رچرڈ گلیسن اور ریس ٹوپلی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ قومی ٹیم میں محمد رضوان کی جگہ محمد حارث اور حارث رؤف کی جگہ شاہ نواز دھانی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابراعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شان مسعود، حیدرعلی، افتخار احمد، آصف علی، محمد نواز، شاداب خان، عامر جمال، شاہنواز دھانی، محمد وسیم پر مشتمل ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم میں معین علی (کپتان)، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈوکیٹ، ہیری بروکس، سیم کیوران، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، ریس ٹوپلی، رچرڈ گلیسن شامل ہیں ۔