مونس الٰہی کیخلاف ایف آئی اے میں درج منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج

لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کے اخراج کیلئے مونس الٰہی کی درخواست منظور کر لی

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 3 اکتوبر 2022 17:23

مونس الٰہی کیخلاف ایف آئی اے میں درج منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج
لاہور (اردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 3 اکتوبر 2022) لاہور ہائیکورٹ نے مونس الٰہی کیخلاف ایف آئی اے میں درج منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کر دیا۔عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کے اخراج کیلئے مونس الٰہی کی درخواست منظور کر لی۔لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ قبل ازیں لاہورہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ مقدمے سے اخراج کے لیے مونس الٰہی کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت کی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ پیش ہوئے،جب کہ مقدمے کا تفتیشی افسر بھی پیش ہوا۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ 29 ستمبر کو 13 ہزار144 صفحات کا چالان جمع کرا دیا،تمام ڈیٹا کی سافٹ کاپی یوایس بی میں کرکے عدالت میں بھی جمع کرا دی۔

(جاری ہے)

وکیل امجد پرویز نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے میڈیا پر سن لیا تھا،14 فیصلوں کے حوالے لیکر آیا ہوں۔

جسٹس اسد جاوید گھرال نے استفسار کیا کہ بینک اگر خود مدعی نہیں تو آپ کیسے مقدمہ درج کر سکتے ہیں؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ بینک والے خود ہی جرم کرنے والے ہیں تووہ خود مقدمہ درج کرائیں گے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کس کے حکم پر انکوائری شروع کی گئی۔ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی منظوری سے انکوائری شروع ہوئی اور وفاقی کابینہ نے انکوائری شروع کرائی،یہ کیس شوگر انکوائری کمیشن کی روشنی میں شروع ہوا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ جہانگیر ترین وغیرہ کی انکوائری کے بعد مقدمہ درج ہوا۔ وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ جہانگیرترین کیخلاف جو مقدمہ درج ہوا تھا اس کا چالان ابھی تک پیش نہیں ہوا لیکن مونس الٰہی کا چالان پیش کر دیا گیا۔جہانگیرترین کیخلاف درج مقدمہ کا واقعہ 2020ء کا ہے۔لاہورہائیکورٹ نے مونس الٰہی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جس پر وکیل مونس الٰہی امجد پرویز نے استدعا کی کہ عدالت مختصر فیصلہ جاری کرے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فریقین سے آئے دستاویز کو پڑھ کر فیصلہ دیں گے۔