سلمان خان کے شو’بگ باس‘ میں پاکستانی رئیلٹی شو’ تماشا گھر‘ کی نقل

جمعہ 7 اکتوبر 2022 21:12

سلمان خان کے شو’بگ باس‘ میں پاکستانی رئیلٹی شو’ تماشا گھر‘ کی نقل
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2022ء) بھارتی معروف اداکار سلمان خان نے مشہور رئیلٹی شو بگ باس کی میزبانی کے دوران پاکستانی سنیئر اداکار عدنان صدیقی کا انداز چرا لیا۔پاکستانی رئیلٹی شوتماشا گھر حال ہی میں ایک نجی ٹی وی سے نشر کیا گیا تھا جس کی میزبانی کے فرائض عدنان صدیقی نے نبھائے تھے۔اس شو کے ختم ہونے کے بعد بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کا سیزن 16 شروع ہو چکا ہے جس کی میزبانی سلمان خان کر رہے ہیں۔

عدنان صدیقی اپنے رئیلٹی شو ’تماشا گھر‘ میں دیگر ملکوں کے رئیلٹی شو کے مقابلے میں منفرد انداز اپناتے ہوئے تماشا گھر کا دورہ بھی کرتے تھے اور شو میں شامل شرکاء کے ساتھ کھانا بھی کھاتے تھے۔حال ہی میں یہی انداز سلمان خان کی جانب سے بھی بگ باس کی تاریخ میں پہلی بار اپنایا گیا ہے، سلمان خان نے نہ صرف شو کے شرکاء کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا بلکہ ہفتے کے اختتام پر نشر ہونے والی قسط میں جھگڑوں کو سنا سلجھانے کی کوشش بھی کی۔

(جاری ہے)

سلمان خان کی جانب سے عدنان صدیقی کا انداز چرانا ہی تھا کہ سوشل میڈیا پر بھارتیوں کی یہ نقل خوب وائرل ہو گئی ہے جسے خود عدنان صدیقی نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔عدنان صدیقی کا اس پوسٹ کے کیپشن میں تبصرہ و تجزیہ نگاروں سے کہنا ہے کہ میرا معاملہ میں آپ پر چھوڑتا ہوں۔