Live Updates

علی وزیر کی بریت حق اور سچ کی فتح ہے، ایمل ولی خان

روزاول سے کہہ رہے ہیں کہ قانون سب کیلئے ایک اور ڈومیسائل کا فرق ختم ہونا چاہئے ‘ صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی

منگل 25 اکتوبر 2022 23:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2022ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے ایم این اے علی وزیر کی پہلے مقدمے میں بریت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ایم این اے علی وزیر کی بریت حق اور سچ کی فتح ہے، روز اول سے کہہ رہے کہ قانون سب کیلئے ایک ہونا چاہئیے اور ڈومیسائل کا فرق ختم ہونا چاہئیے۔

(جاری ہے)

ایمل ولی خان نے کہا کہ امید ہے علی وزیر جلد پارلیمان میں ہوں گے اور اپنے حلقہ انتخاب کی بھرپور نمائندگی کریں گے،ہم یہ بھی امید رکھتے ہیں کہ مزید ایک رکن پارلیمنٹ اور حلقہ کے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔

علی وزیر کی بریت پر پوری قوم، علی کے خاندان اور ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ قبل ازیں پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین پر ایک تقریر کی بنیاد پر ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ دو نہیں ایک پاکستان کے نعرے لگوانے والے کس منہ سے منظور پشتین پر ایف آئی آر کرارہے ہیں جو رویہ منظور پشتین اور علی وزیر کے ساتھ روا رکھا جارہا ہے کیا عمران نیازی، فواد چودھری، عمران ریاض کے ساتھ بھی ہوگا انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے کہتے ہیں کہ مسئلہ ڈومیسائل کا ہے اور دو نہیں ایک پاکستان کا ہمارا مطالبہ برحق ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات