22ویں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا

منگل 22 نومبر 2022 09:00

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2022ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام 22 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل بدھ کو مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گروپ ڈی ٹیمیں دفاعی چیمپئن فرانس اور آسٹریلیا الجنوب سٹیڈیم، الوکرہ میں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرا میچ گروپ ایف کی ٹیموں مراکش اور کروشیا کےدرمیان البیت سٹیڈیم، الخور میں کھیلا جائے گا، تیسرے میچ میں گروپ ای کی ٹیمیں جرمنی اور جاپان خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم، دوحہ میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ اسی روز کے چوتھے میچ میں گروپ ای کی ہی ٹیمیں سپین اور کوسٹا ریکا الثمامہ سٹیڈیم، دوحہ میں پنجہ آزمائی کریں گی۔

(جاری ہے)

فرانس کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ میگا ایونٹ میں شامل 32 ٹیموں میں میزبان قطر ، برازیل، بیلجیم،دفاعی چیمپئن فرانس، ارجنٹائن، انگلینڈ، سپین، پرتگال، میکسیکو، ہالینڈ ،ڈنمارک، جرمنی، یوراگوئے، سوئٹزرلینڈ، امریکا، کروشیا، سینیگال، ایران، جاپان، مراکش، سربیا، پولینڈ، جنوبی کوریا ،تیونس ، کیمرون، کینیڈا، ایکواڈور، سعودی عرب، گھانا، ویلز، کوسٹا ریکا اور آسٹریلیا شامل ہیں۔

ان 32 ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 3سے 6دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔\932