سعودی حکومت کا 14شہروں میں 21تفریحی مراکزکی ترقی کے لئے 13ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا فیصلہ

جمعرات 1 دسمبر 2022 09:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) سعودی حکومت نے مملکت بھر میں 21 تفریحی مقامات کی ترقی کے لیے 13ارب ڈالر (50 ارب سعودی ریال) سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ان تفریحی مراکزمیں سینما ، بولنگ ٹریک ، الیکٹرک کارٹنگ ٹریک اور اِن ڈورسرفنگ کے علاقے شامل ہوں گے۔سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز (سیون) نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھرکے14 شہروں میں تعمیرکیے جانے والے تفریحی مراکز میں 150 سے زیادہ تفریحی علاقے شامل ہوں گے۔

سیون مکمل طورپرسعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی ملکیت ہے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے بتایا کہ تعمیراتی کارکنوں نے پہلے ہی الریاض میں تفریحی علاقہ الحمرا کی تعمیر کے لیے زمین ہموار کرنا شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

الریاض میں الحمرا منزل شاہ عبداللہ روڈ کے ساتھ مشرقی رنگ روڈ کے چوراہے پر واقع ہوگی۔اس پر 80 کروڑ ڈالر (تین ارب سعودی ریال) لاگت آئے گی اور یہ 90،000 مربع میٹراور167،000 مربع میٹر کےتعمیراتی رقبے پر مشتمل ہوگی۔

اس تفریحی منزل میں ان ڈورسرفنگ ایریا ،ایک اِن ڈورایئرفلائنگ ایریا ، الیکٹرک کارٹنگ ٹریک ، نیز سینما ، ریستوراں ، کیفے اور مقامی اور عالمی برانڈز کے ساتھ برانڈڈ ریٹیل اسٹورز شامل ہوں گے۔ توقع ہے کہ اس سے سالانہ قریباً 60 لاکھ زائرین کی ضروریات پوری ہوں گی۔باقی 13تفریحی مقامات کی تفصیل ابھی سامنے نہیں آئی ہے اور نہ یہ معلوم ہوسکا ہے کہ وہ کہاں کہاں تعمیرکیے جائیں۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب سعودی مملکت میں مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :