چیئرمین سی ڈی اے کی تمام شعبوں کو باقاعدگی سے ای کچہری کے انعقاد کی ہدایت

جمعرات 1 دسمبر 2022 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے چیئرمین نے تمام شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے مسائل جاننے اور فوری ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور ہر شعبہ باقاعدگی کے ساتھ ہفتہ وار ای کچہری کا انعقاد کرے۔ شعبہ سینی ٹیشن نے جمعرات کو ای کچہری کا انعقاد کیا اورشہر میں صفائی ستھرائی سے متعلق مسائل کو زیر غور لاتے ہوئے شہریوں کی آن لائن شکایات کو موصول کیا گیا۔

ڈپٹی ڈی جی سوک مینجمنٹ سمیت متعلقہ افسران نے شہریوں کے سوالات کے جواب دیئے۔ اس موقع پر اسلام آباد کے تمام سیکٹروں اور علاقوں سے آن لائن شکایات موصول کی گئیں۔ انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ موصول ہونے والی شکایات کا چوبیس گھنٹوں کے اندر ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس نے مختلف شعبوں کے افسران کو ہدایت کی کہ ہر شعبے کے لئے ہفتہ وار ای کچہری کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے جبکہ انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق ہر شعبے کی علیحدہ ہیلپ لائن نمبر کا بھی اجرا کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہریوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جاسکیں۔

علاوہ ازیں سی ڈی اے انتظامیہ نے ای کچہری کے انعقاد کے موقع پر شہریوں سے آن لائن اپیل بھی کی کہ وہ اسلام آباد شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ادارے کے ساتھ تعاون بھی کریں اور کوڑا کرکٹ مختص کردہ جگہوں پر ہی تلف کریں۔

متعلقہ عنوان :