خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا اجلاس ،ایم پی ایزکوکمروںکی الاٹمنٹ ودیگرسہولیات پربات چیت

جمعرات 1 دسمبر 2022 22:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا اجلاس اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت چیئر مین کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی مفتی عبید الرحمٰن نے کی۔اجلاس میں چیئرمین کمیٹی مفتی عبید الرحمٰن نے پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں کمرے الاٹمنٹ سے متعلق گزشتہ 6ماہ کے ریکارڈ سمیت پختونخوا ہائوسز اسلام آباد و ایبٹ آباد میں زیر استعمال گاڑیوں کے اخراجات سے متعلق تفصیلات کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

انھوں نے محکمہ انتظامیہ کے حکام کی جانب سے تمام سرکاری وسائل کا استعمال قانون کے مطابق یقینی بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی عبدالغفار، شگفتہ ملک اور ایم پی اے نعیمہ کشور سمیت محکمہ انتظا میہ کے سیکرٹری و ایڈیشنل و ڈپٹی سیکرٹریز ، سیکرٹری رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبرپختونخوا، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، کمپٹرولرز پختونخوا ہائوسز اسلام آباد و ایبٹ آباد، سیکشن آفیسر محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ انتظامیہ کے زیر اہتمام خریدی گئیں گاڑیوں، فاٹا ہائوس اسلام آباد، پختونخوا ہائوسز اسلام آباد و ایبٹ آباد، کالام و مردان ہاوسز جبکہ شاھی مہمان خانہ پشاور کی حالیہ صورتحال اور وہاں پر اراکینِ خیبرپختونخوا اسمبلی کو کمرے الاٹ کرانے و دیگرسہولیات سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کمیٹی ممبران کا پختونخوا ہائوسز اسلام آبادا ور کالام کا دورہ کرنے کیلئے اسمبلی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کیں۔