بھارت، زیادتی کی شکار خاتون نے انصاف کیلئے خود کو عدالت میں آگ لگالی

پولیس نے بروقت کارروائی کر کے خاتون کو بچا لیا، تحویل میں لیکر پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا

ہفتہ 3 دسمبر 2022 14:59

بھارت، زیادتی کی شکار خاتون نے انصاف کیلئے خود کو عدالت میں آگ لگالی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) بھارت میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون نے انصاف کیلئے خود کو عدالت کے سامنے آگ لگالی۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ برہم پور کی سب ڈویژنل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق 30سالہ خاتون کو متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد خاتون نے انصاف کیلئے در در کی ٹھوکریں کھائیں اور انصاف نہ ملنے پر خود کو مٹی کا تیل ڈال آگ لگالی جس پر موقع پر موجود پولیس اہلکار نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بچالیا۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا اور پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون شادی شدہ ہے اور اسے گزشتہ سال زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، کیس میں ملزم گرفتار ہوا لیکن ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد ملزم نے دوستوں کے ساتھ مل کر خاتون کو پھر زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق ملزم کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن خاتون ملزم کے دوستوں کی بھی گرفتاری چاہتی ہے اس لیے اس نے خود کو آگ لگائی۔