افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، کابل میں ہیڈ آف مشن حملے پر اظہار تشویش

سفارتی احاطے، عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 3 دسمبر 2022 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے کابل میں ہیڈ آف مشن پر حملے پر تشویش اور غم و غصہ کا اظہار کیا گیا ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق حملے میں ہیڈ آف مشن محفوظ رہے تاہم گارڈ زخمی ہوگیا۔ترجمان کے مطابق سفارتی مشنز اور عملے کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہیڈ آف مشن پر حملہ انتہائی سنگین سیکیورٹی کوتاہی ہے، حملے کے مرتکب افراد کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفارت خانے کے احاطے کی سیکیورٹی خلاف ورزی کی تحقیقات کی جائیں، سفارتی احاطے، عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر افغان ناظم الامور نے کہا کہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے، یہ حملہ پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ دشمنوں نے کیا، افغان قیادت نے اعلی سطح پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔افغان ناظم الامور کے مطابق پاکستانی سفارتی مشنز کی سیکیورٹی پہلے سے زیادہ سخت کر دی گئی، مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔