پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا

اتوار 4 دسمبر 2022 17:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2022ء) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو جیت کے لئے 263 رنز اور انگلینڈ کو 8 وکٹیں درکار ہیں، ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اسے 78 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، سلمان علی آغا نے 50 رنز بنائے، انگلینڈ کے ول جیکس نے ڈیبیو ٹیسٹ میں 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 264 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو 343 رنز کا ہدف دیا، ہیری بروک 87 ، جو روٹ 73 اور زیک کرالی 50 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا لئے، امام الحق اور سعود شکیل کی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، امام الحق 43 اور سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 499 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو سلمان علی آغا 10 اور زاہد محمود ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے 57 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 554 تک پہنچا دیا، سلمان علی آغا نے کیریئر کی دوسری نصف سنچری مکمل کی اور 53 رنز بنانے کے بعد ول جیکس کی گیند پر زیک کرالی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، زاہد محمود نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 17 رنز بنا کر ول جیکس کا شکار بنے جبکہ حارث رئوف کو بھی ول جیکس نے 12 کے انفرادی سکور پر آئوٹ کر کے پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 78 رنز کے خسارے کے ساتھ 579 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، انگلینڈ کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے آف سپنر ول جیکس نے تباہ کن بائولنگ کی اور 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جیک لیچ نے دو جبکہ اولی رابنسن اور جیمز اینڈرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور نسیم شاہ نے پہلی ہی گیند پر بین ڈکٹ کو صفر پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرا کے پویلین کا راستہ دکھا دیا، 36 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گر گئی جب اولی پاپ 15 رنز بنانے کے بعد محمد علی کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، زیک کرالی انگلینڈ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 50 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، جو روٹ اور ہیری بروک کے مابین چوتھی وکٹ میں 96 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جو روٹ 73 رنز بناکر زاہد محمود کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، اسی اوور میں زاہد محمود نے بین سٹوکس کو صفر پر آئوٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، انگلینڈ کو چھٹا نقصان 248 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ول جیکس 24 رنز بناکر سلمان علی آغا کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، ہیری بروک نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انہیں نسیم شاہ نے کلین بولڈ کیا، اس موقع پر انگلش کپتان بین سٹوکس نے اننگز ڈکلیئر کر دی، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے، انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 78 رنز کی سبقت حاصل کی، اس طرح پاکستان کو جیت کے لئے 343 رنز کا ہدف ملا، جواب میں پاکستان نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا لئے، عبداللہ شفیق 6 رنز بنا کر اولی رابنسن کی گیند پر ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اظہر علی انجری کے باعث بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جبکہ کپتان بابر اعظم 4 رنز بنانے کے بعد بین سٹوکس کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، امام الحق اور سعود شکیل کی عمدہ بیٹنگ کا سلسہ جاری ہے، امام الحق 43 اور سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو جیت کے لئے263 رنز درکار ہیں۔