کابل میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن پر دہشت گرد حملے کے معاملے پر افغان حکام کے ساتھ فعال رابطے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

پیر 5 دسمبر 2022 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ کابل میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن پر دہشت گرد حملے کے معاملے پر افغان حکام کے ساتھ فعال رابطے میں ہے، توقع ہے کہ اس حملہ کی مکمل تحقیقات کرکے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مبینہ ریمارکس کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک جاری تحقیقات ہے جس پر قریب سے نگاہ مرکوز کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر دعویٰ کیا کہ طالبان حکام نے اسلامک اسٹیٹ دہشت گرد گروپ کے ایک غیر ملکی کارکن کو مبینہ طور پر پاکستان کے اعلیٰ سفارت کار پر قاتلانہ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔