آرمی چیف کا ضلع خیبر کا دورہ، پاک افغان بارڈر پرتعینات فوجی جوانوں سے ملاقات

مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، سازش کرنے والے عناصر کو کوئی جگہ نہیں دیں گے، قوم کے تعاون سے دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ جاری ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 6 دسمبر 2022 18:58

آرمی چیف کا ضلع خیبر کا دورہ، پاک افغان بارڈر پرتعینات فوجی جوانوں ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر 2022ء) پاک فوج سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے وادی تیراہ ضلع خیبر کا دورہ کیا، جہاں پر آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر تعینات جوانوں کے ساتھ دن گزارا، جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، سازش کرنے والے عناصر کو کوئی جگہ نہیں دیں گے، قوم کے تعاون سے دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے وادی تیراہ ضلع خیبر کا دورہ کیا، جہاں پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک افغان بارڈر پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کورہیڈکوارٹرز پشاورکا بھی دورہ کیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور بارڈر کنٹرول مینجمنٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے عزم وحوصلے کو سراہا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے یادگارشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، سازش کرنے والے عناصر کو کوئی جگہ نہیں دیں گے،قبائلی عوام اور فورسزکی قربانیوں سے ریاست کی رٹ مضبوط ہوئی، قوم کے تعاون سے دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ جاری ہے، دیرپا امن واستحکام کو یقینی بنائیں گے، بھاری قربانیوں سے حاصل کردہ کامیابیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔