ہالینڈ کے فارمرز کی پاکستان آمد، مقامی کسانوں کے ساتھ ڈیری فارمنگ کے جدید طریقوں کے حوالے سے تبادلہ خیال

منگل 6 دسمبر 2022 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) پاکستانی ڈیری فارمرز کی تربیت اور ڈیری فارمنگ کے جدید طریقوں سے آگاہی کے لئے فریز لینڈ کمپنی پاکستان کی د عوت پر ڈیری ڈویلپمنٹ پروگرام (ڈی ڈی پی) کے پلیٹ فارم سے ہالینڈ کے تجربہ کار ڈیری فارمرز نے پاکستان کا دورہ کیا۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق فارمر ٹو فارمر پروگرام کے تحت 2 ڈچ فارمرز ہرمین گیرہارڈ اور پیٹرس ایڈریانوس نے ساہیوال میں ایف سی ای پی ایل کی فیکٹری اور ڈیری فارمز کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے مقامی کسانوں کے ساتھ ڈیری فارمنگ کے جدید طریقوں جیسا کہ جانوروں کی صحت، خوراک اور پانی پلانا، بچھڑیوں کی پرورش، غذائیت سے بھر پور دودھ کا حصول اور جدید خطوط پر گائیوں کے شیڈ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

فارمر ٹو فارمر پروگرام کے بنیادی مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایگری بزنس ایف سی ای پی ایل محمد سہیل سرور چوہدری نے کہا کہ ڈچ فارمرز کے اس دورے نے عالمی معیار کے مطابق مقامی کسانوں کی معلومات میں اضافہ کیا ہے، ہمارا مقصد ڈیری فارمنگ کو زیادہ منافع بخش بنانا، کسانوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے ذریعے عالمی معیار کے مطابق دودھ اور ڈیری مصنوعات کی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد عالمی معیار کے مطابق مقامی کسانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور پاکستان کی ڈیری انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے ۔ واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں ایف سی پی نے پاکستان میں ڈیری ویلیو چین کی بہتری اور اسے ترقی دینے کے لئے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (یو وی اے ایس) کے اشتراک سے پاکستان نیدرلینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سینٹر (پی این ڈی ڈی سی) کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے-