Live Updates

زرتاج گل کافضل الرحمٰن کے ساتھ ’مولانا‘ کا لفظ ہٹا دینے کا مطالبہ

فضل الرحمٰن کے خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ پر کیا الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا؟،سینئر پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی سربراہ پی ڈی ایم پرشدید تنقید

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 6 دسمبر 2022 22:42

زرتاج گل کافضل الرحمٰن کے ساتھ ’مولانا‘ کا لفظ ہٹا دینے کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 6دسمبر 2022) فضل الرحمٰن کے خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ پر کیا الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا؟،سینئر پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی سربراہ پی ڈی ایم پرشدید تنقید۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل وزیر نے مطالبہ کیا ہے کہ فضل الرحمٰن کے نام کے ساتھ ’مولانا‘ کا لفظ ہٹا دیا جائے۔

زرتاج گل نے اپنے ایک بیان میں سوال اٹھایا کہ فضل الرحمٰن نے خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے، کیا الیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس بھیجا؟ سابق وزیر مملکت نے کہا کہ ان کی پارٹی کا تو خواتین ونگ ہی نہیں ہے، ان کی پارٹی کو سیاست کرنے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔ مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو چیلنج کیا تھا کہ اپنے پسند کے حلقے سے انتخاب لڑیں میں شکست دوں گی، صرف پی ٹی آئی میں خواتین کو نمائندگی دی جاتی ہے باقی جماعتوں میں مریم نانی کا پرس اٹھانا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

زرتاج گل نے کہا کہ ڈی جی خان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان دوتہائی اکثریت سے دوبارہ وزیر اعظم بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عام انتخابات کی تیاری کرنے کو کہا ہے، جب بھی جنرل الیکشن ہوگا تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی، عمران خان جب کہیں گے اسمبلیوں سے استعفے دے دیں گے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی خواتین اراکین نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے خواتین سے متعلق نا زیبا زبان استعمال کرنے پر اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرادی ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی آسیہ خٹک نے مولانا فضل الرحمان کی جلسوں میں خواتین سے متعلق مبینہ نازیبا الفاظ کے استعمال پر قرارداد جمع کرائی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جلسوں اور پریس کانفرنسز میں خواتین سے متعلق بے ہودہ زبان کا استعمال کرتے ہیں، سیاسی مخالفت میں اسلامی اور اخلاقی اقدار کو بھی پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ قرارداد پر پی ٹی آئی کے 17 خواتین ممبران کی دستخط موجود ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات