دبئی شاپنگ فیسٹیول میں اَن گِنت پرُتعیش انعامات کی بارش

خریداروں کو 10 لاکھ درہم‘ ایک کلو سونا‘ قیمتی گاڑی اور دبئی ڈاؤن ٹاؤن میں فلیٹ جیتنے کا بھی موقع ملے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 دسمبر 2022 14:46

دبئی شاپنگ فیسٹیول میں اَن گِنت پرُتعیش انعامات کی بارش
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2022ء ) دبئی شاپنگ فیسٹیول کے دوران پرتعیش انعامات کا اعلان کردیا گیا جہاں خریداروں کو 10 لاکھ درہم‘ ایک کلو سونا‘ قیمتی گاڑی اور دبئی ڈاؤن ٹاؤن میں فلیٹ کے علاوہ ہزاروں انعامات جیتنے کا موقع ملے گا۔ گلف نیوز کے مطابق حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس دبئی شاپنگ فیسٹیول (DSF) کے دوران میں خریدار 1 ملین درہم نقد، 1 کلو سونا، ڈاون ٹاؤن دبئی میں ایک اپارٹمنٹ اور بہت سے مزید لگژری انعامات جیت سکتے ہیں، ایک پریس کانفرنس میں 28ویں ڈی ایس ایف کے مکمل کیلنڈر کی نقاب کشائی کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ میگا فیسٹیول 15 دسمبر 2022ء سے 29 جنوری 2023 تک 46 دن کی شاندار تفریح، ناقابل شکست شاپنگ ڈیلز، پروموشنز، ریفلز، گیسٹرونومی اور ہوٹلوں کی پیشکش، کنسرٹ و تقریبات اور بہت کچھ پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ فیفا قطر ورلڈ کپ فائنلز کا شاندار جشن، روزانہ آتش بازی و ڈرون شوز، شہر بھر میں کنسرٹ اور تفریحی تقریبات اس تہوار کی دیگر اہم جھلکیاں ہیں، 3 روزہ ڈی ایس ایف فائنل میگا سیل کے لیے شہر بھر میں 90 فیصد تک ڈسکاؤنٹ اور ہزاروں ریٹیل آؤٹ لیٹس پر خصوصی پیشکشیں اور رعایتیں بھی میگا شاپنگ فیسٹیول کا حصہ ہوں گی، اس فیسٹیول کے دوران دبئی کو خصوصی روشنیوں سے سجا ہوا دیکھ کر امارات میں دنیا کی بہترین موسم سرما کی مہم کے دوران سیاح اس سے لطف اندوز ہوں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ ان تمام سرگرمیوں اور انعامات کا اعلان کرتے وقت دبئی فیسٹیولز اور ریٹیل اسٹیبلشمنٹ (DFRE) کے افسران بشمول سی ای او احمد الخاجہ، ریٹیل رجسٹریشن کے ڈائریکٹر محمد فیراس عریقات، ایونٹس پلاننگ ٹیم کے کلتھم الشمسی اور ریفلز کے ڈائریکٹر عبداللہ العمیری نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔