گرجاگھروں،مسیحی آبادیوں میں بلدیاتی وسائل کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے، ایڈمنسٹریٹر کیماڑی

جمعرات 8 دسمبر 2022 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کیماڑی پیر شوکت نے کہاہے کہ بلدیہ کیماڑی کی حدود میں موجود گرجاگھروں اور مسیحی آبادیوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ دیگر بلدیاتی وسائل کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے۔جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے میونسپل کمشنر بلدیہ کیماڑی سالک احمد بھٹو کے ہمراہ کرسمس کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں بلدیہ کیماڑی کی حدود میں موجود تمام مسیحی برادری کے عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔ ایڈمنسٹریٹرنے ان کے مسائل سنے اور فوری حل طلب مسائل کے حل کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور بتایاکہ محدود مسائل کے باوجود مسیحی آبادیوں میں صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت ودرستگی،اندورنی گلیوں اور خصوصاگرجاگھروں وعبادت گاہوں اور تقریبات کے مقامات پر خصوصی انتظامات کئے جائینگے میونسپل کمشنراور بلدیاتی افسران کے علاوہ دیگر یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والے اداروں کے اشتراک سے شکایات کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں۔