خیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی ، اراکین اسمبلی کی عدم دلچسپی

جمعہ 9 دسمبر 2022 13:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2022ء) خیبرپختونخوااسمبلی کے جمعہ کو ہونے والے اجلاس اراکین صوبائی اسمبلی کی عدم موجودگی کے باعث کورم کی نذرہوگیا اور ڈپٹی سپیکر نے اجلاس بروز پیر12دسمبردوپہردوبجے تک کےلئے ملتوی کردیا۔جمعہ کے روز صوبائی اسمبلی کااجلاس ڈپٹی سپیکرمحمودجان کی زیرصدارت ایک گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے شروع ہوا ۔

(جاری ہے)

تلاوت کلام پاک کے بعد اے این پی کے رکن خوشدل خان نے سپیکرکی توجہ ایوان میں اراکین کی کم تعدادکی جانب مبذول کراتے ہوئے کورم کی نشاندہی کی، اس دوران ڈپٹی سپیکرنے دومنٹ تک کےلئے گھنٹیاں بجانے کاحکم دیا جب اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو صرف26اراکین ایوان میں موجود تھے جس پر سپیکرنے ایک مرتبہ پھر دومنٹ گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی، تاہم اراکین کی مطلوبہ تعدادپوری نہ ہوسکی اور ڈپٹی سپیکر نے 145اراکین کے ایوان میں27ایم پی ایز کی موجودگی پر اجلاس پیر تک کےلئے ملتوی کردیا۔