محمد حفیظ نے ابرار احمد کے جادو کو پہلے ہی پہچان لیا تھا

جمعہ 9 دسمبر 2022 20:04

محمد حفیظ نے ابرار احمد کے جادو کو پہلے ہی پہچان لیا تھا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل رائونڈر محمد حفیظ نے ابرار احمد کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ 30 ستمبر کو کیا تھا۔رواں برس ستمبر/اکتوبر میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی 7 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوران اسپنر ابرار احمد کو موقع نہ دینے پر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور میں 30ستمبر کو سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ سے شکست کے بعد محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر ابرار احمد کو جادوگر اسپنر قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ افسوس ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں محمد ابرار کو ایک بھی میچ نہیں کھلایا گیا۔محمد حفیظ نے لکھا تھا کہ ابرار کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے لیے اس سیریز میں 4 میچز کھلانے چاہیے تھے۔سابق آل رائونڈر نے ابرار احمد کے لیے لکھا تھا کہ نوجوان محنت جاری رکھنا۔محمد حفیظ نے اپنے پیغام کے ساتھ ابرار احمد کی تصویر بھی پوسٹ کی تھی جسے آج شاندار کارکردگی دکھانے پر دنیا بھر میں نوٹس کیا جارہا ہے۔