ترکیہ اور اسرائیل کے درمیان اختلافات ختم، ترک سفیر تل ابیب پہنچ گئے

ترکیہ کے سفیر ساکر اوزکان ترونلر نے اپنی سفارتی دستاویزات اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو پیش کردیں

جمعرات 12 جنوری 2023 12:57

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2023ء) اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان تعلقات میں گرم جوشی آنے کے بعد ترکیہ کا سفیر اسرائیل میں باضابطہ سرگرم ہو گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے سفیر ساکر اوزکان ترونلر نے اپنی سفارتی دستاویزات اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو پیش کردیں۔اسرائیل اور ترکیہ کے تعلقات میں طویل بحران کے بعد یہ تازہ ترین بڑی پیش رفت ہے۔

یہ تعلقات 2010 میں اس وقت بری طرح منجمد کر دیے گئے تھے جب اسرائیل کی طرف سے ترکیہ کے بحری جہاز کو نشان بنایا گیاتھا۔ یہ ترک جہازغزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کے لیے آگے بڑھ رہا تھا۔ ترکیہ کے سفیر سے سفارتی دستاویزات وصول کرتے ہوئے اسرائیل صدر نے کہاکہ آج ہم نے ایک اور اہم قدم بڑھایا ہے تاکہ تعلقات کی مضبوطی کا ایک اور سنگ میل طے کر سکیں۔

(جاری ہے)

ہماری ترکیہ کے ساتھ دوستی اور گہری ہو گی۔واضح رہے اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان تعلقات غزہ پر اسرائیلی حملے سے 2008 میں خراب ہونا شروع ہوئے اور 2010 میں شدت آگئی، جب ترک جہاز پر حملے سے دس ترک شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔2016 میں ان دو طرفہ تعلقات میں قدرے بہتری ہوئی مگر 2018 میں غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد پھر بگاڑ میں چلے گئے۔ تاہم 2022 مارچ میں اسرائیلی صدر نے ترکی کا دورہ کیا اور اگست 2022 میں دونوں نے مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا۔پچھلے ماہ اسرائیل کی نئی سفیر نے صدر طیب ایردوآن کو اپنی سفارتی دستاویزات پیش کی تھیں اور نیتن یاہو کی نئی حکومت کی تشکیل کے دوسرے ہفتے میں ترکیہ کے سفیر نے اسرائیلی صدر کے اپنی سفارتی دستاویزات پیش کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :