محمد حارث نے پشاور دھماکے کے بعد آنکھوں دیکھا حال بتا دیا

دھماکے کے ایک دن بعد اپنے شہر میں پولیس لائن کے راستے سے گزرا،پورا شہر بہت خاموش اور سنسان سا ہے، اپنے آبائی شہر کو اس طرح دیکھ کر بہت دکھ ہوا: وکٹ کیپر بیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 فروری 2023 11:50

محمد حارث نے پشاور دھماکے کے بعد آنکھوں دیکھا حال بتا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم فروری 2023ء ) پاکستانی کرکٹر محمد حارث نے پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے کے بعد دِکھنے والے منظر کو بیان کردیا۔ سوشل میڈیا پر محمد حارث نے بتایا کہ ’دھماکے کے ایک دن بعد آج اپنے شہر پشاور میں پولیس لائن کے راستے سے گزرا۔ محمد حارث نے ٹوئٹر پر لکھا کہ حالیہ دھماکے کے بعد پورا شہر بہت خاموش اور سنسان سا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اپنے آبائی شہر کو اس طرح دیکھ کر بہت دکھ ہوا‘۔
واضح رہے کہ پیر کو پولیس لائن مسجد میں ہونے والے پشاور دھماکے میں شہدا کی تعداد 100 ہوگئی ہے جبکہ درجنوں زخمی اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں ابتک 101 افراد شہید ہوئے جبکہ ایل آر ایچ میں زخمیوں کی تعداد 49 رہ گئی ہے، جن میں سے 7 اس وقت آئی سی یو میں ہیں۔

(جاری ہے)

اسپتال لائے گئے زخمیوں میں 10 کی آپریشن تھیٹرز میں سرجری بھی کی گئی۔ ترجمان کے مطابق زیر علاج زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تمام زخمیوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جب کہ ایل آر ایچ لائے گئے دیگر زخمیوں کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔