کویت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ پکڑی گئی

خفیہ اطلاع موصول ہونے پر کی گئی کارروائی میں سمگلنگ میں ملوث 2 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 فروری 2023 11:59

کویت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ پکڑی گئی
کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2023ء) خلیجی ملک کویت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ پکڑی گئی۔تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ ملکی تاریخ میں نشہ آور گولیوں کی سب سے بڑی کھیپ الوفرہ فارم سے پکڑی گئی، وزیر داخلہ اور انڈر سیکرٹری نے ضبط شدہ اشیاء کی کا جائزہ لیا جن کا تخمینہ تقریباً 15 ملین لیریکا گولیاں، آدھے ٹن سے زیادہ خام لیریکا پاؤڈر اور دیگر خصوصی سامان شامل ہے، جس کی سمگلنگ میں ملوث 2 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا جو سری لنکن شہری ہیں۔

اس حوالے سے متعلقہ حکام کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک گروہ لیریکا گولیاں اور پاؤڈر کیپسول میں بھر کر فروخت کر رہا ہے، جس کے بعد مزید تفتیش کرتے ہوئے معلومات کی تصدیق کی گئی اور قانونی اجازت حاصل کرنے کے بعد جائے وقوعہ پر چھاپہ مار کر تلاشی لی گئی اور مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، اس دوران 10 لاکھ لیریکا گولیاں، آدھا ٹن لیریکا پاؤڈر کے علاوہ گولیوں کو کمپریس کرنے کے لیے خصوصی آلات، پیکنگ کے لیے خالی کین، کیپسولز کی ایک بڑی مقدار اور شراب کی تیاری کے لیے درآمدی سامان ضبط کر لیا گیا۔

(جاری ہے)


کویت کے پہلے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ اور قائم مقام وزیر دفاع شیخ طلال خالد الاحمد الصباح نے نشہ آور اشیاء اور منشیات کے فروغ اور ملک کے عوام کو نشانہ بنانے والے زہر پھیلانے والوں کی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے جنرل ایڈمنسٹریشن فار ڈرگ کنٹرول کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعریف کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ لعنت ممالک کو تباہ کرتی ہے لیکن ہم نے اللہ اور کویت کے لوگوں سے اسمگلروں کو ختم کرنے کا عہد کیا ہے اور ہم عہد کے پابند ہیں، وزارت ہر قسم کی سمگلنگ کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے اور نشہ آور اشیاء، سائیکو ٹراپک مادوں اور نشہ آور اشیاء لانے، اس کی تجارت کرنے اور معاشرے کو ان کے خطرناک نتائج سے بچانے اور محفوظ کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔