یوکرین کا مستقبل یورپی یونین میں ہے، یورپی رہنما

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 3 فروری 2023 23:00

یوکرین کا مستقبل یورپی یونین میں ہے، یورپی رہنما

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 فروری 2023ء) یورپی یونین کےرہنماؤں نے یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی اتحاد کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے اپنے ہاں مزید اصلاحات نافذ کرے۔ جمعے کے روز یورپی یونین رہنماؤں کی یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے دارلحکومت کییف میں ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ یوکرین نے یورپی بلاک میں شامل ہونے کے لیے''قابل ذکر کوششیں‘‘ کی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا، '' یوکرین کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ اس راہ پر گامزن رہے اور مستقبل میں یورپی یونین کی رکنیت کی طرف بڑھنے کے لیے اس کی رکنیت کی درخواست پر کمیشن کی رائے میں بیان کردہ شرائط کو پورا کرے۔‘‘

جمعے ہی کے روز یورپی کمیشن کی صدر فان ڈئر لاین اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے صدر زیلنسکی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چارلس مشیل نے کہا،'' یوکرین اور یورپی یونین، ہم ایک خاندان ہیں۔ یوکرین کا مستقبل یورپی یونین میں ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے اس بارے میں کسی وقت کا تعین کرنے سے گریز کیا کہ یوکرین کب تک یورپی یونین کا حصہ بن سکتا ہے۔

اس موقع پر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ یوکرین کی یورپی یونین میں باقاعدہ شمولیت کے لیے مذاکرات اس سال کے آخر تک شروع ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا، '' ہدف اس سال مذاکرات کا شروع کرنا ہے اور یہ صرف ایک مقصد نہیں بلکہ یہ ایک بڑا اور پھر پور ہدف ہے۔‘‘

یورپی یونین میں شمولیت کا طریقہ کار ایک انتہائی پیچیدہ اور یورپی یونین کے قوانین کے ساتھ ہم آہنگ قانونی اصلاحات کا عمل ہے۔ یوکرین نے گزشتہ موسم گرما میں یورپی یونین کی رکنیت کے لیے امیدوار ملک کی حثیت حاصل کی تھی۔

ماضی میں بعض ممالک کو امیدوار سے رکن بننے تک ایک دہائی سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے مذاکرات کا حصہ رہنا پڑا تھا۔

اس سے قبل یورپی کمیشن کی صدر فان ڈئر لاین اس بلاک کے چند دیگر کمشنروں کی ایک ٹیم اور کئی بہت اعلیٰ سفارت کاروں کے ساتھ جمعرات کو کییف پہنچی تھیں۔ اس دورے کی خاص بات یوکرین اور یورپی یونین کی سمٹ تھی۔ یوکرینی صدر کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے کییف حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

فان ڈئر لاین نے یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ 27 رکنی یورپی یونین اس کوشش میں ہے کہ روس کے خلاف اس بلاک کی نئی پابندیاں 24 فروری تک حتمی شکل پا جائیں۔ رواں ماہ کی 24 تاریخ کو یوکرین پر روسی فوجی حملے کا ٹھیک ایک سال پورا ہو جائے گا۔

فان ڈئر لاین نے کہا کہ یورپی یونین نے اب تک روس کے خلاف پابندیوں کے جو نو پیکج متعارف کرائے ہیں، ان کے نتیجے میں روسی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین چاہتی ہے کہ یوکرینی جنگ کا ایک سال مکمل ہونے تک روس کے خلاف یورپی یونین کی عائد کردہ پابندیوں کا 10 واں پیکج بھی منظوری کے بعد مؤثر ہو جائے۔

ش ر ⁄ ش ح (ڈی پی اے)