سعودی عرب کے ٹرانزٹ ویزا پر غیرملکیوں کو شادی کی اجازت

ناجز پورٹل کے ذریعے شادی کی تصدیق کی جا سکتی ہے‘ مکمل عملدرآمد کیلئے ابشر پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ کرنا ہوگا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 فروری 2023 16:15

سعودی عرب کے ٹرانزٹ ویزا پر غیرملکیوں کو شادی کی اجازت
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 فروری 2023ء ) سعودی عرب کے ٹرانزٹ ویزا پر غیرملکیوں کو مملکت میں شادی کی بھی اجازت دے دی گئی، ناجز پورٹل کے ذریعے شادی کے معاہدے کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ عکاظ اخبار کے مطابق سعودی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی اپنا نکاح نامہ رجسٹرڈ کروا سکتا ہے یا بیوی کے دورے یا ٹرانزٹ ویزے پر مملکت پہنچنے کی صورت میں اس کی منظوری حاصل کر سکتا ہے، پھر بھی شوہر اور بیوی کے والد کا سعودی عرب میں رہائشی ہونا ضروری ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شادی شدہ جوڑے کے وزٹ ویزے پر مملکت پہنچنے کی صورت میں وزارت کے ناجز پورٹل کے ذریعے بھی شادی کے معاہدے کی تصدیق کی جا سکتی ہے، اس سروس سے ناجز کے ذریعے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے لیکن اس پر مکمل عملدرآمد کرنے کے لیے تمام پارٹیوں کو ابشر پلیٹ فارم پر رجسٹر کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ برسوں میں سعودی عرب بھرپور طریقے سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف منتقل ہوا ہے، یہ رجحان عالمی وبا کورونا کی وجہ سے عائد پابندیوں کی وجہ سے تیز ہوا ہے جب کہ وزارت داخلہ کی ابشر ایپ سعودی شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کو مختلف سرکاری خدمات تک رسائی فراہم کرتی ہے، اس کے ذریعے سے خدمات کا دائرہ کار وسیع ہو گیا ہے، جس میں ملازمتوں کے لیے درخواست دینا اور پاسپورٹ کی تجدید، رہائشی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں۔

گزشتہ نومبر میں سعودی وزارت انصاف نے ناجز میں 11 نئی جوڈیشل ای سروسز متعارف کرائیں، جس سے پورٹل کے ذریعے دستیاب کل خدمات کی تعداد 150 سے زیادہ ہو گئی، نئی خدمات میں اٹارنی ایٹ لاء پریکٹس کے لائسنس کی تصدیق، قانونی چارہ جوئی کے دوران اٹارنی کے اختیارات کی درستگی کی جانچ کرنا اور ناجز پر منسلکات دیکھنا شامل ہیں۔