میونسپل سروسز میں بہتری حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہے ،کمشنر گوجرانوالہ

منگل 7 فروری 2023 20:44

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2023ء) کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژنز نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ میونسپل سروسز میں بہتری حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہے اورصفائی ' نکاسئی آب ' سڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے بیشتر عوامی شکایات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے ان کے آفیشل فیس بک پیج ' ٹویٹر اکائونٹ اور واٹس ایپ نمبر 0312- 6150001پر بھجوائی جانے والی شکایات کا فوری ممکنہ حل متعلقہ محکمہ کے فوکل پرسن کی ذمہ داری ہو گی۔

جس میںسستی اور عدم دلچسپی کانوٹس لیاجائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ اپنی مدد آپ کے تحت بڑے کاروباری اداروں ' فیکٹریوں' شاپنگ مالز' ہوٹلوں اور تعلیمی اداروں کو ترغیب دی جائے گی کہ وہ سڑکوں ' چوکوں اور اپنے اداروں کے سامنے گرین بیلٹس کی خوب صورتی اوربحالی کی سماجی زمہ داری کو ادا کرنے کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور میونسپل اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سی او میٹرو پولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ حیدر علی چٹھہ ' سی او ضلع کونسل فدا میر اور دیگر افسران نے شر کت کی۔ کمشنر نے کہاکہ پوری دنیا میں مثالی میونسپل سروسز کیلئے عوام بھی شعور اور تعاون کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اداروں کے ساتھ مل کر صفائی ' نکاسئی آب سے متعلق شکایات کا حل یقینی بنایا جا تا ہے تا ہم بدقسمتی سے سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں اور افسران کی عدم دلچسپی سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں پا رہے ہیں جس کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور اداروں کو اپنی کارکردگی میں واضح بہتری دکھاناہو گی۔

اجلاس میں سی او حیدر چٹھہ اور سی او فدا میر نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ اور ضلع کونسل گوجرانوالہ کی ترقیاتی سرگرمیوں اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہئے بتایاکہ انتظامی امور میں بہتری کے سلسلہ میں کمشنر کی ہدایات کے تحت ملازمین کی حاضری ' دفتری اوقات کار کی پابندی کے ساتھ شکایات باکس بھی لگا دیا گیا ہے جس میں آنے والی درخواستوں اورشکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔\378